ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / شیوسینا ممبرپارلیمنٹ رویندر گائیکواڑ کو ائیرانڈیا اورایف آئی اے نے کردیا بلیک لسٹ

شیوسینا ممبرپارلیمنٹ رویندر گائیکواڑ کو ائیرانڈیا اورایف آئی اے نے کردیا بلیک لسٹ

Sat, 25 Mar 2017 14:10:26  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی،24؍مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )فیڈیریشن آف انڈین ایئر لائنس نے ایئر انڈیا کے ملازم سے مار پیٹ کے الزام میں شیوسینا کے ممبر پارلیمنٹ رویندر گائیکواڑ کے ہوائی سفر پر پابندی لگا دی  گئی ہے، یعنی اب وہ ایف آئی اے سے جڑی کسی بھی ایئر لائنز کے طیاروں سے سفر نہیں کر سکتے ہیں۔

ایف آئی اے میں جیٹ ایئر ویز، انڈیگو، اسپائس جیٹ اور گو ایئر شامل ہیں۔اس سے پہلے ایئر انڈیا نے ملزم ممبر پارلیمنٹ کو بلیک لسٹ کر دیا۔ایئر انڈیا نے ممبر پارلیمنٹ کا آج کا ٹکٹ بھی منسوخ کر دیا ہے۔ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔ساتھ ہی شیوسینا نے بھی اپنے ممبر پارلیمنٹ سے اس معاملے میں صفائی مانگی ہے۔پہلی بار رکن پارلیمنٹ بنے رویندر گائیکواڑ نے جمعرات کو اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایئر انڈیا کے 60سال کے بزرگ ملازم کو 25 چپل مارا، ان کا چشمہ توڑ دیا ،صرف یہی نہیں، ممبرپارلیمنٹ صاحب کو اپنی غلطی کا احساس تو چھوڑیں ،وہ میڈیا کے آگے اپنی غنڈہ گردی کو جائزٹھہراتے بھی نظر آئے۔یہاں شیوسینا کے ممبرپارلیمنٹ رویندر گائیکواڑ نے معافی مانگنے سے انکار کر دیا ۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کی کوئی غلطی نہیں ہے، معافی مانگنا تو دور وہ الٹا ایئر انڈیا سے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ساتھ ہی فیڈریشن آف انڈین ایئر لائنس کے پابندی لگانے کے سوال پر ان کا کہنا ہے کہ آج شام کی ان کی فلائٹ ہے اور وہ اسی سے جائیں گے۔انہوں نے صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہاں میں اس واقعہ کے بعد فلم ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ دیکھنے گیا تھا۔آپ بھی جا کر دیکھو، فلم دیکھنے کی وجہ سے کسی ممبرپارلیمنٹ سے ملاقات نہیں ہو پائی۔انہوں نے دہلی پولیس کی ایف آئی آر کو لے کر کہا کہ ان میں ہمت ہے تو وہ مجھے گرفتار کرکے دکھائے ، میری پارٹی خود اس معاملے کو دیکھے گی۔ایئر لائن کے مطابق، گائیکواڑ نے ایئر انڈیا کے بزنس کلاس میں اوپن ٹکٹ بک کیا تھا۔اوپن ٹکٹ ہولڈر مسافر کسی بھی دن سفرکر سکتا ہے۔گائیکواڑ نے اس اوپن ٹکٹ کا استعمال کرتے ہوئے جمعرات کی صبح  سات بج کر 35منٹ پر دہلی کے لیے روانہ ہونے والی اے آئی 852فلائٹ لی۔اس فلائٹ میں سبھی سیٹیں بزنس کلاس کی تھیں۔

وہ جہاز میں سوار ہو گئے اور ہوائی جہاز جب یہاں اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچا ،تو انہوں نے فلائٹ سے اترنے سے انکار کر دیا، ہوائی جہاز میں صفائی ہونی تھی، اس پر ایئر انڈیا کے ملازمین اور گائیکواڑ کے درمیان بحث شروع ہو گئی۔گائیکواڑ نے ٹیلی ویژن چینلوں کو بتایا کہ انہوں نے ایئر انڈیا کے ملازم سکمار سے اپنی آواز نیچی رکھنے کو کہا۔گائیکواڑ نے میڈیا سے کہاکہ اس نے کہا کہ فلائٹ کو خالی کروانا اس کی ذمہ داری ہے، میں نہیں اترا، میں وہاں ایک گھنٹے تک بیٹھا رہا اور ہوائی جہاز صاف نہیں کرنے دیا۔انہوں نے کہاکہ اس نے سوال کیا کہ یہ کون ممبر پارلیمنٹ ہے اور کہا کہ وہ وزیر اعظم مودی سے شکایت کریں گے ،اس لیے میں نے انہیں مارا۔میں نے انہیں 25چبل مارا، میں شیوسینا کا لیڈر ہوں، بی جے پی کا نہیں کہ گالیاں کھاؤں گا، میں معافی نہیں مانگوں گا۔


Share: